آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی کے 363 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز ہی بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر آخری بال تک ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 67 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا 108، کین ولیمسن 102 جبکہ گلین فلپس اور ڈیرل میچل 49 ،49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
افریقہ کی جانب سے لونگی انگیدی نے تین، کاگیسو ربادا نے دو اور ویان مُلڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 9 مارچ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔