غزہ کے شہری دفاع نے کہا ہے کہ اس کے عملے نے غزہ شہر کے الکرمہ علاقے میں الروموز ٹاور میں 3 اپارٹمنٹس پر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے 15 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔
سول ڈیفنس نے بتایا کہ اس حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شہری دفاع نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بیت لاہیہ کے علاقے السلطان میں العطار خاندان کے گھر پر ہونے والے حملے میں 4 افراد ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
نیتن یاہو کی ایران پر حملے کی دھمکی
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف جوابی کارروائی کرنے اور ان کے سرپرست ایران کے خلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نیتن یاہو نے قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائیڈز سے کہا کہ ہمیں اور پوری دنیا کو حوثیوں سے خطرہ ہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے اور سخت جوابی کارروائی کریں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے کہ یمنی حوثیوں نے اپنے سرپرست ایران کی حمایت سے ہم پر حملہ کیا، ہم ایران کو مناسب انتباہ دینے کے لیے جو کچھ کرنے کی ضرورت ہے وہ کریں گے، اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر ایران کو جواب دیں گے۔
دوسری جانب اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے ’کان‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی سلامتی کابینہ نے غزہ میں حماس کے خلاف کارروائی میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ مہم کو وسعت دینے کے لیے اپنی ریزرو فورسز کے لیے ہزاروں کال اَپ لیٹر جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔
فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضمیر نے فوجیوں کو بتایا کہ ہم اپنے یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کو شکست دینے کے مقصد سے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔