اسرائیل کے دوست ملک اٹلی کے وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطالوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی اب انتہائی خطرناک اور ناقابلِ برداشت صورت اختیار کر چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ پر بمباری بند ہونی چاہئے، انسانی امداد فوری بحال کی جائے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام لازم ہے۔
اطالوی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اٹلی فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہے، لیکن یہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کبھی قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ اٹلی مستقبل میں کسی عرب قیادت میں امن مشن میں شرکت کر سکتا ہے، اگر اس کا فیصلہ عالمی سطح پر ہوتا ہے۔
اطالوی اپوزیشن جماعتوں نے 7 جون کو روم میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کا اعلان کیا ہے، جس میں اسرائیل پر پابندیاں لگانے اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔