اسرائیل نے سنیچر کی صبح ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں
اسرائیل کی ڈیفینس فورسز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اسرائیلی افواج نے سات مقامات پر ٹارگٹ کو نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی ڈیفینس فورسز (آئی ڈی ایف) نے بیان میں کہا کہ ایران کی حکومت اور خطے میں اس کے پراکسی سات اکتوبر سے اسرائیل پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔ ایرانی حکومت کی جانب سے ’مہینوں سے جاری حملوں‘ کے جواب میں ایسا کیا گیا۔
آئی ڈی ایف کے ترجمان ایڈمیرل ڈینیئل ہگاری کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہماری دفاع کی اور حملہ کرنے کی صلاحیتیں مکمل طور متحرک ہیں۔ ہم اسرائیل کی ریاست اور عوام کے دفاع کے لیے جو بھی ضروری ہوا کریں گے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی چینل نے بتایا کہ دارالحکومت تہران کے قریب شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تہران کے اطراف میں کم از کم چھ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ فضائی دفاعی سسٹم کی بھی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔
کرج شہر جہاں ایٹمی تنصیبات موجود ہیں، میں بھی دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے حملوں کے وقت ایران کی فضائی حدود میں کوئی ایئر ٹریفک موجود نہیں تھی۔
دوسری جانب شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی فضائی حملوں میں وسطی اور شمالی شام میں کچھ فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔