اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے رہائشی علاقوں میں حملے تیز کر دیئے گئے، تازہ حملوں میں مزید 241 فلسطینی ہلاک اور 382 زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خان یونس، البوریج، نصیرت سمیت 100 سے زائد مقامات پر حملے کیے گئے، توپوں کی مدد سے وسطیٰ غزہ پر گولہ باری بھی کی گئی۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے قید فلسطینیوں کو بھی تشدد کرکے ہلاک کیا ہے، 80 فلسطینیوں کی لاشیں حکام کے حوالے کی گئیں۔
اسرائیلی افواج کے سربراہ ہرزئی حلیوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کو کئی مہینے لگ سکتے ہیں، ہم نے حماس کی لیڈر شپ تک پہنچنا ہے، غزہ میں حماس کے خلاف جنگ ضروری ہے لیکن آسان نہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، 54 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، مرنے والوں میں 8 ہزار کے قریب بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔