اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلاموفوبیا کے خلاف میگوئل آنخیل موراتینوس کو اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا۔
موراتینوس اس وقت اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں (UNAOC) میں انڈر سیکرٹری جنرل اور اعلیٰ نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان کی تقرری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 78/264 کے تحت عمل میں آئی ہے۔
قرارداد میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
میگوئل آنخیل موراتینوس کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف جدوجہد، رواداری، احترام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی کاوشوں میں یہ تقرری ایک اہم سنگ میل ہے۔