امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ افغان طالبان کے کنٹرول علاقے انتہاپسند گروپوں کو اپنی سرگرمیوں کے لیے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
روبیو سے پوچھا گیا تھا کہ آیا انٹیلی جینس رپورٹس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ القاعدہ اور اسلامک اسٹیٹ( داعش) نے افغانستان میں اپنے محفوظ ٹھکانے بنا لیے ہیں اور وہ 11 ستمبر 2001 سے پہلے جیسے خطرے کا سبب بن سکتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب آپ کی حکمرانی میں ایسے علاقے ہوں جہاں ہر حصے پر آپ کا مکمل کنٹرول نہ ہو تو یہ ایسے گروہوں کے لیے موقع فراہم کرتا ہے۔
روبیو نے کہا کہ جب طالبان کو بتایا گیا کہ اسلامک اسٹیٹ یا القاعدہ ان کے ملک کے کچھ حصوں میں کام کر رہی ہے تو بعض معاملات میں طالبان تعاون کرتے رہے ہیں اور ان کے پیچھے گئے ہیں، لیکن دوسرے معاملات میں انہوں نے اتنا زیادہ تعاون نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر صورت حال کہیں زیادہ غیر یقینی ہے اور یہ بات صرف افغانستان تک محدود نہیں ہے۔
مارکو روبیو کا یہ بیان اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کے چند دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ القاعدہ کے کارکنوں کو طالبان کی خفیہ ایجنسی کے تحفظ میں افغانستان بھر میں محفوظ ٹھکانے مل رہے ہیں۔
طالبان عسکری طور پر اگست 2021 میں اس وقت افغانستان کے اقتدار پر قابض ہوئے تھے جب امریکی قیادت میں نیٹو افواج، ملک میں دو عشروں کی اپنی موجودگی کے بعد واپس لوٹ گئیں تھیں جس کے بعد کابل میں قائم افغان حکومت اپنا وجود برقرار نہ رکھ سکی اور ڈھیر ہو گئی تھی۔