7
افغان طالبان نے بدھ کو اپنے اقتدار کے تین سال پورے ہونے کا جشن منایا
کابل میں طالبان کی مسلح فورسز نے خصوصی فوجی پریڈ کی۔ پریڈ کے دوران لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی پروازوں سمیت ٹینکوں اور جنگی آلات کی نمائش کی گئی۔
پیریڈ گراؤنڈ پر سے ہیلی کاپٹروں اور لڑاکا طیاروں نے بھی پرواز کی۔
اس پریڈ میں سوویت دور کے ٹینکوں اور توپوں اور امریکہ کے سابق فضائی مرکز بگرام سے لائی گئی چیزیں بھی نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں۔اس خصوصی پریڈ کو چینی اور ایرانی سفارت کاروں سمیت سینکڑوں افراد نے دیکھا۔
اس پریڈ میں ایک اور دلچسپ چیز موٹرسائیکل سواروں کے ایک گروپ کی شرکت تھی جن کے پاس پیلے رنگ کے وہ ڈبے تھے جنہیں پیٹرول ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ماضی میں طالبان ان ڈبوں کو جنہیں جیری کین کہا جاتا ہے، دیسی ساختہ بم بنانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔
پیریڈ میں امریکی ساختہ بکتر بند گاڑیاں بھی شامل تھیں جن پر طالبان کے سفید اور کالے جھنڈے لہرا رہے تھے۔
تقریب کابل سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر بلگرام بیس پر منعقد ہوئی۔ یہ وہ مقام تھا جہاں کبھی طالبان جنگجوؤں کو قید رکھا جاتا تھا۔
طالبان فورسز نے 15 اگست 2021 کو افغانستان پر امریکی حمایت یافتہ حکومت کے خاتمے کے بعد قبضہ کر لیا تھا۔جب کہ طالبان اپنی حکومت کی سالگرہ ایک دن پہلے مناتے ہیں۔
تین سال گزر جانے کے بعد ابھی تک دنیا کے کسی بھی ملک نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے، جس کی ایک وجہ خواتین کے حقوق پر عائد پابندیاں ہیں۔