اقوام متحدہ نے گزشتہ دنوں غزہ میں اپنے ہیڈکوارٹر پر حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرا دیا۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں گزشتہ ہفتے ہیڈکوارٹر پر ہونے والا حملہ، جس میں ایک ملازم ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، اسرائیلی ٹینک کے ذریعے کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر 19 مارچ کو دیر البلح میں اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنانے والے حملے اسرائیلی ٹینک کی جانب سے کیے گئے تھے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب اقوام متحدہ نے فلسطینی علاقے میں اپنے غیرملکی عملے کو عارضی طور پر کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں اقوام متحدہ کی کسی بھی عمارت پر حملے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میڈیا ادارے غیر مصدقہ رپورٹس پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
گزشتہ ہفتے غزہ کے علاقے دیر البلح میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر مبینہ طور پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کا ایک غیر ملکی اہلکار ہلاک اور 5 دیگر شدید زخمی ہوئے تھے۔