امریکہ کی مختلف ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں جب کہ مختلف واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
کچھ علاقوں میں وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں کئی برسوں بعد بار برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سرد موسم سے ریاست لوئزیانا، ٹیکساس، فلوریڈا، جارجیا، نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
فلوریڈا کے شہر جیکسن ول میں سرد موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ جیکسن ول انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو موسم کی صورتِ حال کے باعث بند کردیا گیا ہے ۔ کئی مقامات پر اسکول اور سرکاری دفاتر بھی بند ہیں۔
نارتھ کیرولائنا کے مشرقی علاقوں میں بھی شدید برف باری متوقع ہے اور کچھ علاقوں میں آٹھ انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔
لوئزیانا میں جہاں برسوں سے برف نہیں پڑی تھی وہاں بھی شدید برف باری ہوئی ہے۔
امریکہ کے جنوب میں شدید برف باری، ژالہ باری اور بارشیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب مڈویسٹ اور مشرقی امریکہ کے زیادہ تر علاقے قطب شمالی سے آنے والی برفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔
نینشل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ پہلے آخری برف باری ہوئی تھی۔ منگل کو ہونے والی غیر معمولی برف باری نے شہر میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور کچھ علاقوں میں 10 انچ تک برف پڑی ہے۔ اس سے قبل 31 دسمبر 1963 میں 2.7 انچ برف پڑنے کا ریکارڈ تھا۔