امریکہ میں زیرِ حراست غیر قانونی تارکین وطن کو گوانتانا موبے منتقل کرنے کے لیے ایک اور پرواز کیوبا میں امریکی نیول بیس پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق امریکہ سے ’’خطرناک غیر قانونی غیر ملکیوں‘‘ کو گوانتانا موبے لانے والی یہ تیسری پرواز ہے۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے بتایا کہ وہ جرائم پیشہ غیر ملکیوں کی منتقلی دیکھنے کے لیے کیوبا میں موجود تھیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس کی پوسٹ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’’ اب ہمارا ملک خطرناک گینگ کے ارکان کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں رہے گا۔‘‘
نوم نے اس کی تفصیل نہیں بتائی کہ منتقل کیے گئے افراد کی تعداد کتنی تھی اور ان پر کن جرائم میں ملوث ہونے کا الزام یا شبہہ تھا۔
گوانتانامو بے کے حراستی مرکز کی نگرانی کرنے والی یو ایس سدرن کمانڈ(ساؤتھ کوم) نے بھی منتقل کیے گئے افراد کی تعداد کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا ہے۔
ساؤتھ کوم نے مزید بتایا کہ محکمۂ دفاع کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کو حراستی مرکز میں رکھنے اور مزید افراد کو لانے کی پوری تیاری کر لی گئی ہے۔ ان افراد کی محفوظ منتقلی ہوگی اور ان کے ساتھ انسانیت کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق برتاؤ کیا جائے گا۔
گوانتانامو بے کے حراستی مرکز منتقل کیے گئے 10 غیر دستاویزی تارکینِ وطن کو لانے والی پہلی پرواز گزشتہ منگل کو پہنچی تھی۔ حکام کے مطابق ان افراد کو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے افسران کی نگرانی میں جیل میں رکھا گیا ہے۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ منگل کو گوانتانامو بے لائے گئے افراد کا تعلق وینزویلا کے اسٹریٹ گینگ ’ترین دی اراغوا‘ سے ہے جو سرحد پار بھی سرگرمیاں کرتا ہے۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ان افراد کو پہلی بار کب اور کیوں حراست میں لیا گیا تھا