امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے فور اسٹار جنرلز کی تعداد میں 20 فیصد تک کمی کا حکم جاری کردیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع نے اپنی عسکری قیادت کے ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے فور اسٹار جنرلز کی تعداد میں 20 فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد فوجی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور سادہ بنانا ہے، تاکہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے فوج کی صلاحیت میں بہتری لائی جا سکے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایک ویڈیو بیان میں اس اہم فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صرف ایک اصلاحی قدم نہیں بلکہ قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا:”ہم اپنی عسکری قیادت کو مزید متحرک، ذمہ دار اور کارآمد بنانا چاہتے ہیں۔ فور اسٹار جنرلز اور فلیگ افسران کی تعداد میں 20 فیصد کمی کی جا رہی ہے اور امکان ہے کہ مستقبل میں یہ کمی مزید 10 فیصد تک بڑھائی جائے۔”
وزیر دفاع کے مطابق، اعلیٰ عسکری عہدوں میں یہ کمی کمانڈ چین کو زیادہ موثر، سادہ اور جوابدہ بنائے گی۔
امریکی محکمہ دفاع کا ماننا ہے کہ موجودہ جنگی ماحول میں فوری ردعمل، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، اور خطرات کا پیشگی ادراک انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے لچکدار اور قابل قیادت بنیادی شرط ہے۔
پیٹ ہیگستھ نے اپنے بیان میں کہا کہ:”امریکی محکمہ دفاع نہ صرف دنیا بھر میں درپیش خطرات کو روکنے بلکہ فتح کو یقینی بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ ہمارا ہدف ایک ایسی فوج تشکیل دینا ہے جو کم وسائل کے ساتھ زیادہ نتائج دے سکے۔”