امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنا شروع کر دے گا۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک پیغام میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ جن چینی طلبا کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے ان میں وہ طلبا بھی شامل ہیں جن کے چینی کمیونسٹ پارٹی سے تعلقات ہیں یا وہ جو اہم شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
روبیو کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں چین اور ہانگ کانگ کے ویزا درخواست دہندگان کی جانچ پڑتال بڑھانے کے لیے بھی نظر ثانی کی جائے گی۔
اندازوں کے مطابق پچھلے سال تقریباً 280,000 چینی طلبا امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
امریکی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے بین الاقوامی طلبا کی ایک بڑی تعداد چینی طلبا کی ہوتی تھی تاہم حال ہی میں اس میں تبدیلی آئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق، کورونا وبا کے دور کی پابندیوں اور دونوں ممالک کے درمیان بگڑتے تعلقات کے باعث حالیہ برسوں میں ان کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی انتظامیہ نے سفارت خانوں کو غیر ملکی طلبا کو اسٹوڈنٹ ویزے جاری کرنے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سٹوڈنٹ ویزے کے درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا پروفائل کی جانچ کا عمل مزید وسیع کر رہی ہے۔