امریکی وزیر زراعت نے کہا ہے کہ یویئن فلو سے پیدا ہونے والی رسد کی قلت کو کم کرنے کے لئے ترکیہ اور جنوبی کوریا سے انڈے درآمد کئے جارہے ہیں تاکہ ملک بھر میں انڈوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جاسکے۔
بروک رولنز نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ ترکیہ اور جنوبی کوریا سے درآمدات پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں اور وائٹ ہاؤس دیگر ممالک سے بھی انڈے عارضی طور پر درآمد کرنے کے بارے میں بات چیت کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مختصر مدت کے لیے لاکھوں انڈوں کے لیے بات کر رہے ہیں۔
امریکہ میں برڈ فلو پھیلنے کی وجہ سے انڈوں کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے، جس کی وجہ سے کسانوں کو 3 کروڑ پرندوں کو مارنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، اور سپلائی میں تیزی سے رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔
پولینڈ کے نیشنل چیمبر آف پولٹری اینڈ فیڈ پروڈیوسرز کی ڈائریکٹر کٹرزینا گاورونسکا نے حال ہی میں کہا کہ بہت سے ممالک میں انڈوں کی کمی ہے، اہم سوال یہ ہوگا کہ امریکیوں کی جانب سے کیا مالی حالات پیش کیے جائیں گے؟
بروک رولنز نے کہا کہ انڈوں کی درآمد وقت کے لحاظ سے محدود ہوگی اور امریکی پولٹری فارمرز کی جانب سے سپلائی بڑھانے کے بعد یہ بند ہو جائے گی۔