امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 4 مارچ سے اضافی 10فیصد ٹیرف لگانےکا اعلان کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ منگل سے وہ میکسیکو اور کینیڈا سے آنے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیکس عائد کریں گے، ساتھ ہی چین سے آنے والی اشیا پر 10 فیصد اضافی ٹیکس بھی لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان ممالک سے امریکہ میں نقصان دہ ادویات کی آمد جاری ہے۔
ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے چین پر اضافی محصولات شامل کرنے اور کینیڈا اور میکسیکو کے لیے منگل کی آخری تاریخ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کی انتظامیہ کا خیال ہے کہ فینٹینائل کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میکسیکو اور کینیڈا سے اب بھی بڑی مقدار میں منشیات ہمارے ملک میں آ رہی ہیں، منشیات کا بڑا حصہ چین میں بنتا ہے اور وہ انہیں سپلائی کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ پر اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ سال منشیات کی وجہ سے ایک لاکھ افراد ہلاک ہوئے، گزشتہ دو دہائیوں میں لاکھوں لوگ مر چکے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے خاندان تباہ ہو چکے ہیں، ہم منشیات کی لعنت کو امریکہ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو، کینیڈا پر ٹیرف شیڈول کے مطابق 4 مارچ سے لاگو ہوں گے، چین سے 4 مارچ سے اضافی 10 فیصد چارجز وصول کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ بھی کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد اشیاء پر 25 فیصد اور چینی اشیا کی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا مگر بعد ازاں انہوں نے کینیڈا اور میکسیکو کی درآمدات پر لگایا گیا ٹیرف واپس لے لیا تھا۔