امریکہ نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر بھارت کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ “ہم بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے عوام کے سامنے دیے گئے ریمارکس دیکھیں گے۔ لیکن ہم پہلے ہی روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر بھارت کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔”
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت ہو یا کوئی دوسرا ملک، جب بھی وہ روس سے بات کرے تو اسے اقوامِ متحدہ کے چارٹر، یوکرین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کا کہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم مودی نے ماسکو میں بھارتی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کا روس کے ساتھ رشتہ باہمی احترام اور دوستی پر مبنی ہے۔
انہوں نے صدر پوٹن کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ “ہر بھارتی، روس کو اپنے اچھے اور برے وقت کا ساتھی سمجھتا ہے۔”
اُن کا کہنا تھا کہ روس اور بھارت کے تعلقات کو مختلف آزمائشوں سے گزرنا پڑا۔ لیکن دونوں ممالک مضبوط بن کر اُبھرے اور اس کے لیے میں اپنے ‘ڈیئر فرینڈ’ پوٹن کو سراہتا ہوں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی پانچ سال بعد دو روزہ دورۂ روس پر پیر کو ماسکو پہنچے ہیں۔ بھارتی وزیرِ اعظم نے پیر کی شب روسی صدر سے ملاقات بھی کی ہے۔