امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی اداروں میں ڈاؤن سائزنگ یعنی سرکاری ملازمین کی تعداد میں کمی لانے کے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے ہیں۔
صدارتی حکم نامے کے مطابق وفاقی سرکاری اداروں سے ہر چار ملازمین کی فراغت کے بدلے صرف ایک ملازم کو رکھنے کی اجازت ہو گی۔
امیگریشن، قانون کے نفاذ اور عوامی تحفظ کے اداروں کو اس ایگزیکٹو آرڈر سے مستثنٰی قرار دیا گیا ہے۔
ایگزیکٹو آرڈر کا مقصد ایلون مسک کے ماتحت کام کرنے والے محکمے ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی‘ کے ذریعے حکومتی اخراجات کو کم کرنے کے اقدامات کرنا ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی فیکٹ شیٹ کے مطابق سرکاری ادارے افرادی قوت کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبے کا آغاز کریں گے۔
ادارے اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ ان کے کن حصوں یا پورے ادارے کو ہی ختم کیا جا سکتا ہے یا کسی اور ادارے میں ضم کیا جا سکتا ہے۔
اوول آفس میں صدارتی حکم نامے پر دستخط کے موقع پر صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے محکمے کے سربراہ ایلون مسک بھی موجود تھے۔