امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں سے رابطہ کرکے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر زور دیا ہے۔
مارکو روبیو نے دونوں ملکوں کے عہدیداروں سے رابطے کرکے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے بند نہ کیے جائیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت جنگ جلد ختم ہوجائے گی۔
امریکی سیکریٹری خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ ’پاک – بھارت کشیدگی کو انتہائی قریب سے دیکھ رہے ہیں، کشیدگی کے حل کے لیے دونوں ممالک کی قیادت سے بات چیت جاری ہے۔‘
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور بھارت کی قیادت سے صورت حال کے پرامن حل کے لیے رابطے میں رہیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔‘
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے الفاظ کو دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ جنگی صورتحال جلد ختم ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات پاکستان کے شہری علاقوں اور آزاد کشمیر سمیت مختلف مقامات پرمیزائل حملے کئے تھے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے جوابی کارروائی کےدوران بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرانے کا دعوی کیا تھا۔