امریکہ کے صدارتی انتخابات کیلئے ٹیکساس سمیت 9 ریاستوں میں قبل ازوقت ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
ٹیکساس کے علاوہ جن دیگر ریاستوں میں آج سے قبل ازوقت ووٹنگ کا آغاز ہوا ہے ان میں فلوریڈا، جنوبی کیرولائنا، الاسکا، آرکنسا، کولوراڈو، کنیٹیکٹ، ایڈاہو، اور شمالی ڈکوٹا شامل ہیں۔
امریکہ میں پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ہی ان پرسن یا پھر میل کے ذریعے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا اور ریاست جارجیا کے مقامی حکام کے مطابق ووٹرز پہلے روز ہی ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلے۔
جارجیا میں انتخابی امور کے ایک سینیئر افسر گیبریل اسٹرلنگ نے بتایا کہ کم سے کم ڈھائی لاکھ ووٹرز مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے تک ابتدائی ووٹنگ سینٹروں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر چکے تھے۔
گیبریل اسٹرلنگ کا کہنا تھا کہ سن 2020 کے انتخابات کے مقابلے یہ تعداد تقریباﹰ دو گنی ہے، جب ابتدائی ذاتی ووٹنگ کے پہلے دن 136,000 افراد نے ووٹ کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اسے “شاندار ٹرن آؤٹ” قرار دیا۔
اطلاعات کے مطابق اٹلانٹا کی بنیادی کاؤنٹیوں میں بعض ووٹنگ سینٹروں پر ایک گھنٹہ طویل انتظار بھی کرنا پڑا، جبکہ دوسرے مقامات پر یہ عمل حسب معمول شروع ہوا۔
امریکی ریاست جارجیا ان سات سوئنگ ریاستوں میں سے ایک ہے، جو صدارتی انتخاب کا تعین کر سکتی ہے اور ملک گیر ووٹنگ سے تین ہفتے قبل یہاں بھی ابتدائی ووٹنگ شروع ہوئی، جس کے پہلے دن ہی ریکارڈ سطح پر ووٹ ڈالے گئے۔
امریکہ میں عام انتخابات 5 نومبر کو ہورہے ہیں جس میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ حریف کملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔