امریکہ میں اب تک انتخابی نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ ری پبلکنز نے امریکی سینیٹ میں بھی برتری حاصل کر لی ہے۔
ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز ابھی تک ڈیمو کریٹک پارٹی سے آگے ہیں تاہم انہیں تاحال اکثریت کے لیے درکار تعداد میں نشستیں نہیں ملی ہیں۔
ایوانِ نمائندگان کی نشستوں پر دونوں جماعتوں میں سخت مقابلہ ہے اور کئی نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
سینیٹ کے لیے 2024 کے انتخابات میں 34 نشستوں پر الیکشن ہوا جن میں سے 11 ری پبلکنز اور 23 ڈیمو کریٹس اور ان کے حامی ارکان کے پاس تھیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق ری پبلکنز سینیٹ کی 14 نشستوں پر کامیاب ہو گئے ہیں اور انہوں نے سینیٹ کی ایسی تین نشستیں بھی حاصل کر لی ہیں جو ڈیمو کریٹس کے پاس تھیں۔
اسی وجہ سے ری پبلکنز کو ایوان میں اکثریت حاصل ہو گئی ہے جب کہ سینیٹ کی چھ نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔
سینیٹ کے 100 رکنی ایوان میں ری پبلکنز ارکان کی تعداد 49 تھی جب کہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے پاس 47 منتخب سینیٹرز تھے۔ تاہم آزاد منتخب ہونے والے چار سینیٹرز کی حمایت کی وجہ سے ڈیمو کریٹس کو سینیٹ میں 51 ووٹ کے ساتھ اکثریت حاصل تھی۔
ایوانِ نمائندگان اب تک کے نتائج کے مطابق ری پبلکنز 190 سے زائد اور ڈیمو کریٹک پارٹی لگ بھگ 180 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 55 سے زائد نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
ایوانِ نمائندگان کی 435 نشستوں میں اکثریت کے لیے 218 ارکان درکار ہوتے ہیں۔
حالیہ الیکشن سے قبل ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن پارٹی کو 222 ارکان کے ساتھ اکثریت حاصل تھی جب کہ ڈیمو کریٹک ارکان کی تعداد 213 تھی۔