11
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ پرپابندی کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کردیئے ہیں۔
امریکی صدر کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بے بنیاد اقدامات کا الزام لگاتے ہوئے ادارے پر پابندیاں عائد کی گئیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت نے امریکہ اور اسرائیل کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فوجداری عدالت نے اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے پابندیو ں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت کے حکام، ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے اثاثے منجمد کردیے گئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم نامے پر اس وقت دستخط کیے جب اسرائیلی وزیر اعظم واشنگٹن میں کانگریس کے اراکین سے ملاقات کر رہے تھے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ عالمی فوجداری عدالت کے حکام، ملازمین اور ان کے اہلخانہ پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال آئی سی سی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔
عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے