انڈین وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے اسپین کے ہم منصب پیڈرو سانچیز نے انڈیا کے پہلے نجی ملٹری ایئر کرافٹ پلانٹ کا افتتاح کیا ۔
ریاست گجرات کے وڈودرا شہر میں دونوں وزرائے اعظم نے ٹاٹا ایئرکرافٹ کمپلیکس کا آغاز کیا جو ایئربس اسپین کے ساتھ مل کر ایئربس سی 295 ٹرانسپورٹ ملٹری ہوائی جہاز تیار کرے گا۔
نریندر مودی نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ انڈیا میں دفاعی مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم نئی بلندی کو چھو رہا ہے۔ اگر ہم نے 10 سال پہلے کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھایا ہوتا تو آج اس مقام تک نہ پہنچ پاتے۔
انہوں نے کہا کہ اُس وقت ہماری ترجیح اور شناخت درآمد کنندگان کی تھی۔ لیکن ہم نے ایک نئے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا، ہم نے اپنے لیے ایک نیا ہدف طے کیا اور آج ہم اس کے نتائج کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
نریندر مودی نے 2014 میں اپنے میک اِن انڈیا اقدام کے ساتھ اقتدار میں آنے کے بعد انڈیا کو انفراسٹرکچر، فارماسیوٹیکل اور دفاعی شعبے سمیت ایک عالمی مینوفیکچرنگ ہ میں تبدیل کرنے کا عزم کیا تھا۔
ایئربس پہلے 16 طیاروں کو اسپین کے شہر سیویل میں اپنی آخری اسمبلی لائن سے فراہم کرے گا جن میں سے چھ اب تک پہنچا دیے گئے ہیں۔ بقیہ 40 کو دونوں کمپنیوں کے درمیان صنعتی شراکت داری کے حصے کے طور پر انڈیا میں ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز کے ذریعے تیار اور اسمبل کیا جائے گا۔
ہسپانوی وزیراعظم سانچیز انڈیا کے تین روزہ دورے پر تھے جو 18 سالوں میں کسی ہسپانوی رہنما کا جنوبی ایشیائی ملک کا پہلا ایسا دورہ تھا۔