امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان نے ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے بعد جنگ کے دہانے پر پہنچنے کے باوجود جنگ بندی پر اتفاق کر کے ’دانشمندی‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔
مارک روبیو نے سنیچر کو ایکس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’ٹروتھ سوشل‘ پر جنگ بندی کے اعلان کے چند منٹ بعد لکھا کہ ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور وہ ایک غیرجانبدار مقام پر کئی اہم امور پر بات چیت شروع کرنے پر تیار ہیں۔‘
روبیو نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کی ’دانشمندی، معاملہ فہمی اور قیادت‘ کو سراہا کہ انہوں نے امن کے راستے کا انتخاب کیا۔
سنیچر کو مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کی تھی۔
Over the past 48 hours, @VP Vance and I have engaged with senior Indian and Pakistani officials, including Prime Ministers Narendra Modi and Shehbaz Sharif, External Affairs Minister Subrahmanyam Jaishankar, Chief of Army Staff Asim Munir, and National Security Advisors Ajit…
— Secretary Marco Rubio (@SecRubio) May 10, 2025
امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے جنگ بندی پر دونوں ممالک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے ایک غیرجانبدار مقام پر کئی اہم امور پر بات چیت شروع کرنے پر تیار ہیں۔‘
؎ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’امریکہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے آج اس جنگ بندی کرانے میں کردار ادا کیا۔‘
دوسری طرف انڈین سیکریٹری خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ساڑھے چار بجے سے جنگ بندی کا آغاز ہو گیا ہے۔
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے آج دوپہر ساڑھے تین بجے (انڈیا کے مقامی وقت) انڈین ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا۔ دونوں فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا کہ زمین، فضا اور سمندر میں تمام فوجی کارروائیاں اور فائرنگ انڈیا کے مقامی وقت پانچ بجے (پاکستان ساڑھے چار بجے) سے روک دی جائیں۔‘