امریکی صدر جو بائیڈن نے ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی حمایت سے انکار کردیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی حمایت نہیں کریں گے۔
صدر بائیڈن سے صحافیوں نے سوال کیا کہ وہ ایرانی حملے کے جواب میں تہران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی حمایت کریں گے
امریکی صدر نے کہا کہ ’اس کا جواب نہیں میں ہے۔‘
جو بائیڈن نے مزید کہا کہ اسرائیل کے حقِ دفاع کی حمایت کرتے ہیں اور ایرانی حملے کے جواب میں کچھ اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔
بائیڈن نے رپورٹرز کو بتایا کہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی اور وہ جلد ہی نیتن یاہو سے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جی سیون ممالک کی جانب سے ایران پر پابندیوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔
اس بیان سے قبل صدر بائیڈن اور سات ممالک پر مشتمل جی سیون گروپ کے ملکوں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور برطانیہ کے سربراہان نے ٹیلی فونک رابطے میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔