ایران نے مغرب کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران 1200 کلومیٹر تک مار کرنے والے نئے بیلسٹک میزائل ’قاسم بصیر‘ کی رونمائی کی ہے جس کا حال ہی میں تجربہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر دفاع جنرل عزیز ناصر زادہ نےبتایا کہ ٹھوس ایندھن سے چلنے والا نیا میزائل پچھلے میزائلوں کے مقابلے میں بہتر حرکات و سکنات کا حامل ہوگا اور تھاڈ، پیٹریاٹ اور اسرائیل جیسے مختلف فضائی دفاعی نظاموں سے محفوظ ہوگا اور اس کی رینج 1200 کلومیٹر ہے۔
وزیر دفاع نے امریکیوں کو متنبہ کیا کہ اگر ہم پر حملہ کیا گیا یا ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم طاقت سے جواب دیں گے۔
جنرل عزیز ناصر زادہ نے کہا کہ ہم ان کے مفادات اور ان کے ٹھکانوں پر حملہ کریں گے اور ہم اس سلسلے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی حد دیکھیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے دشمن نہیں ہیں اور وہ ہمارے بھائی ہیں لیکن ان کی سرزمین پر امریکی اڈے ہمارا ہدف ہوں گے۔