یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ایف سولہ لڑاکا طیارہ تباہ ہونے کے چار روز بعد فضائیہ کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا۔
یوکرینی فضائیہ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل میکولا اولیسچک کو برطرف کرنے کا حکم صدارتی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔
یوکرینی آرمی کے جنرل اسٹاف کے مطابق لیفٹننٹ جنرل اناتولی کرونوزکو کو قائم مقام ایئر فورس کا کمانڈر تعینات کر دیا گیا ہے۔
یوکرینی پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کی خاتون رکن بیزولا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایف سولہ طیارہ فضائیہ کی غلطی کی وجہ سے گرا ہے، پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم نے طیارے کو ہٹ کیا۔
یوکرین کی فضائیہ نے اب تک اس دعوے کی تردید نہیں کی ہے کہ ایف سولہ طیارہ پیٹریاٹ میزائل کا نشانہ بنا تھا۔ البتہ فضائیہ کا کہنا ہے کہ امریکی ماہرین طیارے کے تباہ ہونے کی تحقیقات میں شامل ہو گئے ہیں۔
جنرل میلوکا کو عہدے سے ہٹانے کےبعد رکن اسمبلی بیزولا نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ سچ جیتے گا۔
واضح رہے کہ یوکرینی فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ 26 اگست کو روسی حملے کے دوران فضائیہ کا ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ اور پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔