امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ حماس کی قید میں موجود امریکی شہری ایڈن الیگزینڈر اپنے خاندان کے پاس واپس آ رہے ہیں ۔
ٹرمپ نے اس پیش رفت کو “تاریخی خبر” قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ افراد اور ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عمل کو ممکن بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یہ قدم امریکہ اور ثالث ممالک قطر اور مصر کی مشترکہ کوششوں اور نیک نیتی سے ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام اس خونی تنازع کے خاتمے کی جانب پہلا بڑا قدم ثابت ہوگا اور تمام دیگر یرغمال افراد بھی جلد اپنے پیاروں سے مل پائیں گے۔
صدر نے کہا، “میں اس دن کا شدت سے منتظر ہوں جب یہ خونی تنازع مکمل طور پر ختم ہوگا اور ہم سب جشن منائیں گے۔
خیال رہے کہ حماس نے سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل میں حملے کرتے ہوئے تقریباً 250 افراد کو یرغمال بنالیا تھا۔
اس حملے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اس وقت سے جاری غزہ کی جنگ میں اسرائیلی مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں میں اب تک 52,800 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔