ریاست لیوزیانا کے ایک سیاسی مشیر پر امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی نقلی آواز میں روبوکالز کر نے پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
صدر بائیڈن کی نقلی آواز میں یہ روبو کال نیو ہمپشائر کے ہزاروں باشندوں کو موصول ہوئی تھیں جس کے بعد ایک سیاسی مشیر اسٹیون کریمر پر، جن کی عمر 54 سال ہے، ووٹروں پر دباؤ ڈالنے اور امیدوار کا جعلی روپ دھارنے سے منسلک 13 دفعات عائد کی گئی ہیں۔
اس واقعہ کے بعد فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن(ایف سی سی) نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ ان روبوکالز پر 60 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس اور ڈیپ فیک آڈیو ریکارڈنگ کی مدد سے صدر بائیڈن کی آواز کی نقل تیار کی گئی۔
ایف سی سی کا کہنا ہے کہ اس کے قوانین فون کرنے والے کی شناخت سے متعلق غلط معلومات کی ترسیل سے روکتے ہیں۔
آئی سی سی نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ مبینہ روبوکالز بھیجنے پر لنگو ٹیلی کام پر 20 لاکھ ڈالر کا جرمانہ لگایا جائے۔
روبو کال، کمپیوٹر کی مدد سے کی جانے والی ایک ایسی کال ہوتی ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کو ان کے ٹیلی فون پر ایک ساتھ ریکارڈ شدہ پیغام بھیجا جاتا ہے۔ اس طرح کی روبوکالز عموماً اشتہاری مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
ٹارنی جنرل جان فارمیلا کا کہنا ہے کہ نیو ہیمپشائر یہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ اس کے انتخابات غیر قانونی مداخلت سے پاک ہوں اور اس معاملے میں ہم اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایف سی سی نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ 2024 کے انتخابات کے سیاسی اشتہارات میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس کا ایک نمایاں کردار ہو گا۔