برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے اپنی حکومت کی گرین پالیسیز سے متعلق خطاب کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی کاروں کی فروخت پر پابندی میں 5 برس کی تاخیر کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاریں اب 2030 کے بجائے 2035 تک فروخت ہوسکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2035 کے بعد بھی پیٹرول، ڈیزل سے چلنے والی سیکنڈ ہینڈ کاروں کی خرید و فروخت ممکن ہوگی۔
رشی سونک کا مزید کہنا تھا کہ نئی پالیسی برطانیہ کو دیگر یورپی ممالک سے ہم آہنگ کرے گی۔ ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے سبب 2030 تک بیشتر کاریں الیکٹرک ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ گیس بوائلر کی جگہ ہیٹ پمپس کی تنصیب کیلئے بھی مزید وقت درکار ہوگا۔ بوائلر اپ گریڈ اسکیم کے تحت گرانٹ 50 فیصد بڑھا کر ساڑھے 7 ہزار پاؤنڈ کی جائے گی۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا انتہائی غریب افراد کو نیا بوائلر لگوانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ 2050 تک نیٹ زیرو کا ہدف اب بھی حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔