الیکشن قریب آتے ہی پاکستان کے شورش زدہ صوبے بلوچستان میں تخریبی کاروائیاں زور پکڑنے لگیں
جمعرات کے روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دھماکوں میں مجموعی طور پر ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے نیو سبزل روڈ اور سریاب میں 2 دھماکے ہوئے جس میں ایک معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔
دوسرا دھماکا سریاب کے علاقے کلی غلام جان میں کچرے کے ڈھیر میں ہوا جس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے شہر تربت میں دستی بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق تربت میں دستی بم کا دھماکا شہر کے مین روڈ پر بازار کے قریب ہوا ہے، جہاں نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ دھماکے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔
علاوہ ازیں جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں دستی بم کے دھماکے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ مستونگ سینٹرل جیل کے اندر دستی بم حملے میں سپاہی زخمی ہوگیا۔