بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
بھارت نے بنگلا دیش کے لیے اپنی ٹرانزٹ سہولت روک دی جبکہ بنگلا دیش نے بھارت سے سوتی دھاگے کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بھارت نے بنگلا دیش کے لیے اپنی ٹرانزٹ سہولت کو روک دیا ہے، جس کے تحت بنگلا دیش اپنی برآمدات بھارتی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سے تیسرے ممالک تک پہنچاتا تھا۔
بھارت کی حکومت نے یہ اقدام بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر بڑھتی ہوئی رش اور بوجھ کے سبب اٹھایا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ ملک کی اقتصادی سکیورٹی اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے ٹرانزٹ سہولت روکنے کے ردعمل میں بنگلا دیش نے بھارت سے روڈ کے ذریعے سوتی دھاگے کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے۔
بنگلا دیش کی حکومت نے اس پابندی کو اپنے مقامی دھاگے کی صنعت کو تحفظ دینے کے لیے ضروری قرار دیا ہے، تاکہ سستے درآمدی دھاگے سے مقامی مارکیٹ متاثر نہ ہو۔