پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو آج وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا تاکہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں متعدد مقامات پر بلااشتعال بھارتی حملوں پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کیا جا سکے۔
ان حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی کھلی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، اس طرح کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین ریاستی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے قائم کردہ اصولوں کے منافی ہیں، پاکستان نے بھارت کے دشمنانہ رویے کے بے بنیاد جواز کو سختی سے مسترد کر دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فریق کو خبردار کیا گیا کہ اس طرح کے لاپروائی سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان کے 6 شہروں پر 20 سے زائد میزائل حملے کیے۔ آئی ایس پی آر نے 26 افراد کی ہلاکت اور 45 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
پاک فوج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 3 رافیل سمیت 5 طیارے تباہ کرنے جبکہ در اندازی کی کوشش کرنیوالے 7 ڈرونز بھی مار گرانےکا دعوی کیا تھا۔