امریکی سینیٹ نے نویں ایف بی آئی ڈائریکٹر کے طور پر بھارتی نژاد امریکی کیش پٹیل کی توثیق کر دی ہے۔
پرمود ونود پٹیل 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سےکامیابی کے بعد ڈیمو کریٹس کے شکوک و شبہات کے باوجوو ملک کی سب سے بڑی وفاقی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کے سربراہ بن گئے ہیں۔
ایف بی آئی کے نئے ڈائریکٹر کیش پٹیل نے ایک ایسی “شفاف اور جوابدہ ایجنسی تشکیل دے کر اعتماد بحال کرنے کا عزم کیا ہے جو “انصاف کے لیے پرعزم”ہو۔
انہوں نےامریکیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو متنبہ کیا کہ بیورو “اس سیارے کے ہر کونے میں آپ کو تلاش کرے گا۔”
پٹیل نے کہا کہ مجھے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کا نواں ڈائریکٹر منتخب ہونے پر فخر ہے۔” انہوں نےصدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اٹارنی جنرل بوندی کے “غیر متزلزل اعتماد اور حمایت” کے لیے شکریہ ادا کیا۔
کیش پٹیل بھارتی نژاد امریکی ہیں اور ان کا پورا نام کشیپ پرمود ونود پٹیل ہے ۔ سینیٹ سے ان کی توثیق کے بعد پٹیل ایف بی آئی کے نہ صرف پہلے بھارتی بلکہ پہلے ایشیائی نژاد ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔۔
کیش پٹیل کا تعلق نیویار ک سے ہے۔ اور انہوں نے اپنے کئیرر کا آغاز یہیں سے بطور اٹارنی کیا تھا۔ اور کئی پیچیدہ کیسز کی پیروی کی۔
پٹیل ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جینس اور امریکی وزیر دفاع کے چیف آف اسٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ وہ خفیہ معلومات جمع کرنے کے ایف بی آئی کےاختیارات کو محدود کرنے کے حامی رہے ہیں۔
انہوں نے نیشنل سکیورٹی کونسل میں انسداد دہشتگردی کے سینئڑ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی مدت صدارت میں کیش پٹیل کئی اہم ترجیحات کو عملی شکل دینے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں، جس میں البغدادی اور قاسم الریمی سمیت داعش اور القاعدہ کی قیادت کے خاتمے کے لیے کی گئی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔
پیٹل ایکٹنگ ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے پرنسپل ڈپٹی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پیٹیل نے نیشنل سکیوریٹی کونسل اورایوان کی سیلیکٹ کمیٹی آن انٹیلیجینس میں بھی خدمات انجام دی ہیں، جہاں انہوں نے سال 2016 کے امریکی انتخابات پر روس کے اثرانداز ہونے سے متعلق تحقیقات کی قیادت کی تھی۔