پاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان کےخلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتاہے، بھارت پہلگام واقعے سے جڑے بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھارت کا خطےمیں مدعی،منصف اور جلاد کا خودساختہ کردار مسترد کرتا ہے، پاکستان خود دودہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے، پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمے دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا، سچائی کو پتا لگانے، محرکات جاننے کے لیے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی۔
گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔