انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیزی اور تشدد پر اکسانے کے مقدمے میں اشتہاری ہونے پر سینیئر صحافی شاہین صہبائی، صابر شاکر، یوٹیوبر عادل فاروق راجہ، معید حسن پیرزادہ، سید حیدر رضا مہدی اور وجاہت سعید خان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور اوورسیز سہولیات بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مذکورہ اشتہاری ملزمان کی جائیداد کی تفصیل فراہم کرنے، چیئرمین نادرا کو ملزمان کے شناختی کارڈ اور نائیکوپ جبکہ ایف آئی اے کے ڈی جی کو ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ 15 دن میں طلب کر لی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف استغاثہ کے گواہان کے بیانات بھی قلمبند کر لیے گئے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 10 جولائی تک تمام متعلقہ محکموں کو عملدرآمد رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے تحریری احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہین صہبائی، صابر شاکر، معید پیرزادہ، عادل راجہ، حیدر مہدی اور وجاہت ایس خان کے خلاف اشتعال انگیزی اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے مقدمات درج ہیں۔