انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اگلے سال پاکستان میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان نہیں بھیجے گا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی جبکہ آئی سی سی سے انڈیا کی میچ سری لنکا یا دبئی میں کروانے کا کہا جائے گا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو نے اس حوالے سے خبر دی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈین ٹیم کے تمام میچز لاہور میں شیڈول کیے ہیں تاہم بی سی سی آئی پاکستان جانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
خیال رہے کہ انڈین ٹیم آخری مرتبہ 2008 میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئے تھی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی اور سفارتی تعلقات کی کشیدگی کے باعث دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان آخری مرتبہ باہمی سیریز 13-2012 میں انڈیا میں کھیلی گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں ایشیا کپ شیڈول تھا تاہم انڈین ٹیم کی پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ٹورنامنٹ پاکستان اور سری لنکا میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروایا گیا تھا۔
اس سے قبل بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا تھا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں ہم صرف وہ ہی کریں گے جس کی اجازت ہمیں ہماری حکومت دے گی۔ ہم اپنی ٹیم صرف اسی صورت میں بھیجتے ہیں جب انڈین حکومت ہمیں اجازت دیتی ہے۔ ہم حکومت کے فیصلے مطابق جائیں گے۔‘