جنوبی کوریا میں حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے کے ایک بلیک باکس میں سے ابتدائی ڈیٹا نکال لیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن کے ڈپٹی کمشنر جو جونگ وان کا کہنا ہے کہ جہاز کے دونوں بلیک باکس کو ملبے میں سے تلاش کر لیا گیا ہے جبکہ کاک پٹ میں ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مواد کو آڈیو ریکارڈنگ میں ڈھالنے کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق ماہرین کی ٹیم ڈیٹا کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔
حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم میں جنوبی کورین حکام کے علاوہ امریکی اور بوئنگ کمپنی کے ماہرین بھی شامل ہیں اور وہ اتوار کو ہونے والے حادثے کے روز سے سائٹ پر ہی موجود ہیں۔
حادثے کے بعد ابتدائی تحقیقات میں اس کی وجہ جہاز سے پرندے کا ٹکرانا بتائی گئی تھی تاہم ساتھ یہ بھی کہا گیا تھا کہ مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی اور اس بیریئر کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو رن وے کے آخری حصے میں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جیجو ایئر کے طیارے کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کو ملک کی ہوابازی کی تاریخ کا بدترین حادثہ قرار دیا گیا تھا، جس میں 179 افراد ہلاک ہوئے۔
یہ طیارہ 181 مسافروں کو لے کر تھائی لینڈ سے جنوبی کوریا کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم لینڈنگ سے پہلے کپتان کی جانب سے ’مے ڈے‘ کال جاری کی گئی اور یہ رن وے پر زمین سے رگڑ کھاتے ہی شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔
اس میں صرف دو افراد بچے جو جہاز کے آخری حصے میں بیٹھے ہوئے تھے اور ان کو حادثے کے بعد امدادی کارکنوں نے نکال لیا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز آگ لگنے سے قبل اس بیریئر سے ٹکرایا تھا۔