لبنانی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے سے اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے انخلا کی ڈیڈ لائن ختم ہو جانے کے باوجود اب بھی وہ ملک کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی لبنان میں کم از کم 14 افراد کو ہلاک اور 80 سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔
لبنانی اور اسرائیلی افواج کے علاوہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی خبردار کیے جانے کے باوجود اتوار کی صبح ہزاروں باشندے سرحد سے متصل قصبوں اور دیہاتوں میں واپس چلے گئے، جن کے بارے میں انھیں بتایا گیا تھا کہ یہ علاقہ غیر محفوظ ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ اس کے کتنے فوجی لبنان میں رہیں گے یا وہ کتنے عرصے تک رہیں گے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی افواج نے لوگوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ان مقامات میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جو اب بھی زیر قبضہ ہیں۔ لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے اس کا ایک فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں خبردار رہنے کے لیے فائرنگ کی تاہم اُن کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ اور فرانس کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا اور علاقے سے حزب اللہ کے جنگجوؤں کے انخلا کی شرط رکھی گئی تھی۔ اسی کے ساتھ ساتھ ہزاروں لبنانی فوجیوں کو اس علاقے میں تعینات کیا جائے گا جہاں کئی دہائیوں تک حزب اللہ کا غالبہ رہا ہے۔