حماس نے اسرائیل کے تین یرغمال افراد کو ریڈکراس کے حوالے کر دیا ہے.
حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو خان یونس میں منعقد کی گئی باقاعدہ تقریب میں ریڈ کراس کے حوالے کیا۔
ریڈ کراس کی اہلکار نے یرغمالیوں کی رہائی کی دستاویزات پر دستخط بھی کیے۔
دوسری جانب اسرائیل کے حکام کا تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ تینوں یرغمال اس کے پاس پہنچ گئے ہیں۔
رہائی پانے والوں میں 46 سالہ ایئر ہورن، 36 سالہ سگی دیکل ہین، 29 سالہ الیگزینڈر تروفانو شامل ہیں۔ یہ تینوں دوہری شہریت کے حامل ہیں۔
یائر ہورن ارجنٹائنی اسرائیلی، سگی دیکل امریکی اسرائیل جب کہ الیگزینڈر روسی اسرائیلی ہیں۔
ان تینوں کو سات اکتوبر 2023 کے حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت 19 جنوری کے بعد سے یہ چھٹا تبادلہ ہے۔ اس سے قبل ہونے والے تبادلوں میں 21 یرغمال جب کہ 700 سے زیادہ فلسطینی قیدیوں کو چھوڑا جا چکا ہے۔
تقریباً چار ہفتے قبل طے پانے والا جنگ بندی معاہدہ حالیہ کشیدگی کے باعث خطرے میں پڑتا نظر آ رہا تھا اور لڑائی دوبارہ شروع ہونے کا امکان پیدا ہو گیا تھا۔
حماس نے جمعرات کو یقین دہانی کرائی تھی کہ مصری اور قطری حکام کے ساتھ بات چیت کے بعد یرغمالیوں کی رہائی کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائے گا۔