اسرائیلی فورسز نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا، واقعے میں چار افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ’المنار ٹیلی وژن‘ نے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس پولٹ بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
حماس نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے سینیئر رہنما صالح العاروری اور ان کے دو فوجی کمانڈر لبنان کے شہر بیروت کے علاقے الضاحیہ الجنوبیہ میں قتل کر دیے گئے ہیں۔
ڈرون حملے میں عمارت کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان میں مقیم 57 سالہ العاروری حماس پولیٹیکل بیورو کے نائب سربراہ تھے اور انہیں مغربی کنارے میں حماس کے عسکری ونگ کا اصل رہنما سمجھا جاتا تھا۔
دوسری جانب حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے صالح العاروری کی ہلاکت لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور کھلم کھلا دہشت گردی کی کارروائی ہے۔
