داسو میں چینی ٹیم پر خود کش حملے کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں
کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ڈی پی او لوئر کوہستان، ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کمانڈنٹ اسپیٍشل سکیورٹی یونٹ خیبرپختونخوا کےخلاف انضباطی کارروائی کی سفارش کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے داسو واقعہ پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ انکوائری کمیٹی نے جب اپنی رپورٹ دی تو اس کی روشنی میں وزیراعظم نے کچھ افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان افسران میں آر پی او ہزارہ ڈویژن، ڈی پی او اپر کوہستان، ڈی پی او لوئر کوہستان، ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کمانڈنٹ اسپیٍشل سکیورٹی یونٹ خیبرپختونخوا شامل ہیں۔
ان افسران کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا اور پندرہ دن میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے معاملات کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم چینی پراجیکٹس کی سکیورٹی کے حوالے سے معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔