وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئیں تفصیلات کے مطابق مختلف ممالک کی جیلوں مجموعی طور پر 23 ہزار 456 پاکستانی قید ہیں۔
ان تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جیلوں میں 12 ہزار 156 پاکستانی باشندے قید ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات میں پانچ ہزار 292 پاکستانی قید ہیں۔
سعودی عرب میں تقریبا 50 فیصد قیدی منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور قتل کے الزامات میں قید ہیں۔ ان 12 ہزار 156 میں سے آٹھ ہزار 734 افراد سزا یافتہ ہیں جبکہ تین ہزار 422 کے خلاف کیسز زیر سماعت ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں ریپ، قتل، غیر قانونی داخلہ و قیام، مفرور، منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں پانچ ہزار 292 پاکستانی قید ہیں۔
وزارت خارجہ کو انڈین حکومت کی جانب سے فراہم کی گئیں تفصیلات کے مطابق اس وقت انڈین جیلوں میں 770 پاکستانی قیدی موجود ہیں، اس طرح انڈیا تیسرا ایسا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پاکستانی قید ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں 44 پاکستانی دہشت گردی کی سرگرمیوں، سازش، امریکی اہلکاروں پر حملہ، تعاقب، فراڈ، چوری اور امیگریشن سے متعلق الزامات میں قید ہیں۔
دستاویزات کے مطابق بحرین میں 450 پاکستانی منشیات اسمگلنگ، منشیات رکھنے یا فراڈ کے جرم میں قید ہیں جبکہ چین میں 400 پاکستانی باشندے قید ہیں۔
قطر میں 338 پاکستانی ریپ، چوری، قتل، منشیات، منی لانڈرنگ اور مالی فراڈ جیسے جرائم کے سلسلے میں قید ہیں۔
برطانیہ میں 330 افراد قتل، اغوا، منشیات کی اسمگلنگ، جنسی حملے، غیرت کے نام پر قتل اور امیگریشن سے متعلق الزامات میں قید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمان میں 309 پاکستانی منشیات اسمگلنگ، مالی بےضابطگی، قتل، ڈکیتی اور جنسی حملے کے جرم جبکہ ملیشیا میں 255 پاکستانی غیر قانونی داخلہ، مقرر کردہ وقت سے زائد قیام، منشیات کی اسمگلنگ، قتل، جنسی حملے، حملہ اور فراڈ کے الزامات میں قید ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ترکی میں 308 پاکستانی باشندے قتل، انسانی اور منشیات اسمگلنگ، جنسی ہراسانی اور بچوں سے جنسی زیادتی کے جرائم میں قید ہیں۔ افغانستان میں 88 پاکستانی باشندے زیادہ قیام اور سیکیورٹی سے متعلق جرائم میں قید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فرانس میں 168 پاکستانی افراد، جرمنی میں 94، ڈنمارک میں 27، آسٹریلیا میں 18، کینیڈا میں نو، سوٹزرلینڈ میں پانچ، بیلجیم میں دو اور ناروے میں تین پاکستانی باشندے قید ہیں۔
ارجینٹینا میں چھ افراد غیر قانونی داخلہ، جنسی تشدد، انسانی اسمگلنگ اور ڈکیتی کے الزامات میں جیل میں قید ہیں۔ آسٹریا میں 30 افراد غیر قانونی داخلہ، انسانی و منشیات سمگلنگ، قتل اور جنسی ہراسانی کے الزامات میں قید ہیں۔
دوسری جانب آذربائیجان میں 16 افراد قتل، انسانی و منشیات اسمگلنگ اور غیر قانونی داخلہ کے الزامات میں قید ہیں جبکہ جورجیا، بیلاروس میں ایک ایک، بنگلہ دیش میں دو، بوسنیا میں چار، کروشیا میں تین، برازیل میں دو، کمبوڈیا میں ایک پاکستانی قید ہیں۔
دستاویزات کے مطابق مصر میں 11 افراد منشیات اسمگلنگ، کرغزستان میں 52 افراد انسانی اسمگلنگ، لیبیا میں چھ افراد غیر قانونی داخلہ، مالدیپ میں 13 منشیات سمگلنگ، نیپال میں میں 17 پاکستانی جعلی کرنسی و منشیات سمگلنگ اور نائیجیریا میں پانچ افراد خام تیل کی سمگلنگ کے الزامات میں قید ہیں۔
تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ فلیپائن میں سات افراد قتل، ریپ اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت، پولینڈ میں دو افراد قتل، آن لائن فراڈ اور لڑائی کے الزامات میں قید ہیں۔ پرتگال میں دو افراد بینک لوٹنے ، سائپریس میں 13 افراد جعلی شادی، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی قیام کی بنا پر جیلوں میں قید ہیں۔
رومانیا میں ایک فرد تارکین وطن کی اسمگلنگ، روس میں 11 افراد غیر قانونی داخلہ و قتل کے الزام میں قید ہیں۔ شام میں ایک، جنوبی افریکا میں 52، شمالی کوریا میں 11، اور سویڈن میں چار پاکستانی قید ہیں۔
دستاویزات کے مطابق سری لنکا میں 79 افراد منشیات کی اسمگلنگ اور قتل، تھائی لینڈ میں 36 افراد منشیات، اغوا، اور قتل کے الزام میں قید ہیں۔