مصر کے شہر الغردقہ سے برطانیہ جانے والے ایک مسافر طیارے کو یونان کے شہر ایتھنز میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
اتوار کی شام الغردقہ سے مانچسٹر جانے والے ’ایزی جیٹ‘ کے طیارے کے پائلٹ کی طبعیت اچانک بگڑ جانے اور طیارے کا کنٹرول کھو دینے کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
جب جہاز میں افراتفری مچی تو عملے کے ارکان مشروبات کی ٹرالیاں چھوڑ کر کاک پٹ کی جانب بھاگے۔ وہاں پائلٹ کو خراب حالت میں دیکھ کر فوری طور پر طبی مدد طلب کی گئی۔
اس کے بعد معاون پائلٹ نے طیارے کا کنٹرول سنبھالا اور اسے یونان کے شہر ایتھنز کے ایئرپورٹ پر اتار دیا۔
برطانوی ایئر لائن ’ایزی جیٹ‘ کے ایک ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’کل شام ایزی جیٹ کی ایک پرواز ای زی وائے 2252 کو ایتھنز کی جانب موڑنا پڑا کیونکہ کیپٹن کو طبی امداد کی ضرورت تھی۔
ایزی جیٹ نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مسافر آج مانچسٹر کے لیے اپنا سفر کریں گے۔
تاہم جہاز کے پائلٹ کی صحت سے متعلق ابھی تک مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔