روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت سے تعلقات پر طویل مشاورت کی ہے۔
پوٹن اور شی کے درمیان ہونے والی گفتگو میں دونوں نے ایک دوسرے کو ‘ڈیئر فرینڈ’ کہہ کر مخاطب کیا اور شی نے اپنے روسی ہم منصب کو گزشتہ جمعے کو ٹرمپ سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جس میں ٹک ٹاک اور تائیوان سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔
صدر شی اور پوٹن نے ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد ایک گھنٹے 35 منٹ تک ویڈیو کال پر بات چیت کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے بات چیت میں یوکرین جنگ او ر تائیوان پر مؤقف کی مکمل تائید کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے امریکہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد اسٹریٹجک تعلقات مزید گہرے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
روس کے حکومتی مرکز کریملن میں خارجہ امور کے مشیر یوری اشاکوف نے کہا ہے کہ اگر ٹرمپ کی ٹیم دل چسپی ظاہر کرتی ہے تو شی اور پوٹن نے امریکہ کے ساتھ مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔