روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے آذربائیجان کے صدر سے روسی فضائی حدود میں آذربائیجان ایئرلائن کے مسافر طیارے کے تباہ ہونے کے ’افسوس ناک واقعے‘ پر معافی مانگی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مسافر طیارہ روس کے دفاعی نظام کی زد میں آ گیا تھا جو اس وقت یوکرین کے ڈرونز کے خلاف فعال تھا۔
کریملن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’صدر ولادیمیر پوتن نے روسی فضائی حدود میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر معذرت کی اور ایک بار پھر متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آذربائیجان کے طیارے کی لینڈنگ کے وقت گروزنی میں فضائی دفاعی نظام فعال تھا، اس وقت یوکرینی ڈرون حملے ہو رہے تھے۔
خیال رہےکہ گزشتہ بدھ کو آذر بائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے نزدیک گر کر تباہ ہوا تھا جس میں 38 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے تھے۔