امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کے بعد روس نے ولادیمیر زیلنسکی کے دورۂ امریکہ کو ’ناکام‘ قرار دیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نیو نازی حکومت کے سربراہ ولادیمیر زیلنسکی کا 28 فروری کو واشنگٹن کا دورہ کیئف حکومت کی مکمل سیاسی اور سفارتی ناکامی ہے۔‘
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں اپنے قیام کے دوران اپنے اشتعال انگیز رویے سے زیلنسکی نے اس امر کی تصدیق کی کہ وہ ایک غیرذمہ دار اور جنگ کو بڑھاوا دینے والے شخص کے طور پر عالمی برادری کے لیے سب سے خطرناک خطرہ ہیں۔
انہوں نے یوکرینی صدر پر لڑائی جاری رکھنے کے ’جنون‘کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ یوکرین میں روس کے فوجی اہداف ’تبدیل نہیں ہوئے۔