سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں، اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کو امریکہ کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
باس عراقچی نے ان مذاکرات کے مختلف پہلوؤں اور ممکنہ نتائج پر روشنی ڈالی۔
سعودی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ بات چیت اور سفارتی ذرائع ہی مسائل کا پائیدار حل ہیں، اور مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔