سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے غزہ کی پٹی اور اس کے اطراف کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر ملاقات کی۔
انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے حصول اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی برادری کے کردار ادا کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر بات چیت کی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں جنیوا میں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالمحسن بن خثیلہ اور وزارت خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداؤد نے بھی شرکت کی۔