سوڈان کے شہر الفاشر میں سعودی تدریسی مادرنی اسپتال پر ہونے والے ڈرون حملے میں 70 افراد مارے گئے۔
سعودی ٹیچنگ اسپتال پورے علاقے میں کام کرنے والا واحد اسپتال تھا جو حملے میں تباہ ہوگیا۔
سوڈانی حکام کے مطابق اسپتال کونشانہ بنانا باغی فورسز کی جانب سے مسلسل کیے جانے والے حملوں کی کڑی ہے۔
باغی تیل کی تنصیبات سمیت مختلف جگہوں اور علاقوں پر حملے کرچکے ہیں۔
عالمی ادارہ برائے صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریسوس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے مزید کہا کہ ’ہم سوڈان میں صحت کے مراکز پر حملوں کا سلسلہ رکوانے کی اپیل کرتے ہیں اور اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مراکز کی مکمل بحالی کی اجازت دی جائے۔‘
حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسے ”بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی“ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں کے باوجود سوڈان کی خانہ جنگی میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔