امریکی فٹ بال کے فائنل ‘سپر بول’ میں فلاڈیلفیا ایگلز نے کنساس سٹی چیفس کو 22 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے شکست دی ہے اور ایک بار پھر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
یہ مقابلہ ریاست لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز کے اسٹیڈیم’سیزر سپر ڈوم’ میں ہوا جو حسب روایت تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا۔
کھیل کے آغاز سے قبل کنساس سٹی چیفس کے بارے میں توقع کی جارہی تھی کہ وہ امیریکن فٹ بال لیگ کا ٹائٹل مسلسل تیسرے سال بھی اپنے نام کر سکتی ہے۔ تاہم فلاڈیلفیا نے اندازے اور توقعات غلط ثابت کرکے کامیابی سمیٹی۔
فلاڈیفیا ایگلز نے کھیل کے تیسرے کوارٹر تک کنساس سٹی چیفس کو گول کرنے سے روکے رکھا جب کہ اس وقت تک فلاڈیلفیا ایگلز 34 پوائنٹس اپنے نام کر چکی تھی۔
فلاڈیفیا ایگلز کے کوارٹر بیک پر کھیلنے والے کھلاڑی جیلن ہرٹس کو سپربول کا ’موسٹ ویلیو ایبل پلیئر‘ (ایم وی پی) یا سب سے اہم پلیئر قرار دیا گیا۔
فائنل میچ دیکھنے کے لیے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی تماشائیوں میں موجود تھے۔ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر سپر بول دیکھا ہے۔
نیشنل فٹ بال لیگ (این ایف ایل) میں امیریکن فٹ بال کانفرنس اور نیشنل فٹ بال کانفرنس کی جیتنے والی ٹیمیں شریک ہوتی ہیں اور اس ٹورنامنٹ کے فائنل کو سپر بول کہا جاتا ہے۔
سن 1967 سے جاری سپر بول ہر سال جنوری یا فروری میں ہوتا ہے اور اس کا انعقاد امریکہ کے مختلف شہروں میں کیا جاتا ہے۔
امیریکن فٹ بال عالمی سطح پر کھیلے جانے والی فٹ بال سے مختلف ہے۔ اس میں ٹانگوں کے ساتھ ہاتھوں کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں گیارہ گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں ایک میدان میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوتی ہیں جس کے آخر میں گول کے کھمبے نصب ہوتے ہے۔
اس کھیل میں بیضوی یعنی انڈے کی شکل کی گیند استعمال ہوتی ہے جسے ہاتھ میں پکڑ کر مخالف ٹیم کے گول میں پہنچانا ہوتا ہے۔یہ کھیل امریکہ اور کینیڈا میں زیادہ مقبول ہے۔
امریکہ میں ‘سپر بول’ محض کھیل کا ایونٹ نہیں بلکہ اسے امریکی کلچر کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔